مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعرات کے روز ایران کے ایوان صدر نے اعلان کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عوامی جمہوریہ چین نے آیت اللہ رئیسی کے دورہ چین کے اختتام ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں بنیادی مفادات سے متعلق مسائل کی بھرپور حمایت اور ایک دوسرے کی قومی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
مذکورہ مشترکہ بیان میں ایران چین جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے رہنماؤں کے درمیان قریبی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
چائنا سینٹرل ٹیلی ویژن (سی سی ٹی وی) نے مذکورہ مشترکہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ صدر رئیسی نے صدر شی جن پنگ کو ایران کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ صدر شی جن پنگ نے بخوشی دعوت قبول کی اور مناسب وقت پر ایران کا دورہ کرنے کے لیے اپنی آمادگی ظاہر کی۔
مشترکہ بیان میں فریقین نے سیاست، سلامتی، معیشت، ثقافت اور تعلیم میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ بیجنگ اور تہران نے دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کے اصول پر اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
خیال رہے کہ آیت اللہ رئیسی اپنے چین کے تین روزہ دورے کے بعد جمعرات کی صبح تہران پہنچے۔ آیت اللہ رئیسی ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کی دعوت پر وہاں کا تین روزہ دورہ کرنے کے لیے منگل کو علی الصبح چین کے دارالحکومت پہنچے تھے۔