گورنر سندھ نے ایران کے عوام اور حکومت کو اسلامی انقلاب کی 44 ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان کو سفارتی سطح پر تسلیم کرنے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے، ‏1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے ایران نے اب تک ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسلامی جمہوریہ ایران کے اسلامی انقلاب کی 44ویں سالگرہ (22 بھمن) کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر قونصل جنرل ایران حسن نوریان اور دیگر ممالک کے سفارت کار بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

جبکہ سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ ،صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ بھی شریک ہوئے۔

گورنر سندھ نے ایران کے عوام اور حکومت کو اسلامی انقلاب کی 44 ویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران، پاکستان کو سفارتی سطح پر تسلیم کرنے والے ممالک میں پہلے نمبر پر ہے، ‏1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد سے ایران نے اب تک ہر شعبہ میں نمایاں ترقی کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایران کے عوام نے بین الاقوامی پابندیوں کا ایک  متحد قوم کی حیثیت سے مقابلہ کیا، پاک ایران تعلقات کئی صدیوں پر محیط ہیں، علامہ اقبال کا فارسی کلام پاکستان سے زیادہ ایران میں مقبول ہے۔

گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں، تعلیم و صحت کے شعبوں میں قریبی رابطہ دونوں ممالک کے عوام کے لئے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے، ایران کی مصنوعات کی ایکسپو سینٹر میں کامیاب نمائش کا سہرا قونصل جنرل کو جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ جامعہ کراچی اور ایران کی جامعات کے مابین MoU میں بھی ان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، برادر اسلامی ممالک کا باہمی تعاون انہیں ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کرسکتا ہے"- اس موقع پر قونصل جنرل آقائ حسن نوریان اور معزز مہمانوں نے سالگرہ انقلاب کا کیک بھی کاٹا۔

لیبلز