تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے امیر عبداللہیان کو اسلامی جمہوریہ ایران کے قومی دن اور اسلامی انقلاب کی چوالیسویں سالگرہ کی آمد پر مبارکباد پیش کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ڈین پریمودونائی نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کے نام ایک تہنیتی پیغام بھیجا اور اسلامی جمہوریہ ایران کے قومی دن کی آمد اور اسلامی انقلاب کی چوالیسویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

اپنے پیغام میں تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے مفاد اور خوشحالی کے لیے موجودہ قریبی اور مخلصانہ تعاون کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنی حکومت کے عزم پر بھی زور دیا۔

قبل از ایں ہنگری کے خارجہ امور اور تجارت کے وزیر پیٹر سیارتو اور تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہر الدین نے بھی الگ الگ پیغامات میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کو اسلامی جمہوریہ ایران کے قومی دن اور انقلاب اسلامی کی چوالیسویں سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔

تاجک وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں حکومت اور سماجی فلاح و بہبود کے تمام شعبوں میں اسلامی جمہوریہ ایران کی نمایاں پیشرفت اور بین الاقوامی میدانوں میں اس کے عزت و وقار میں اضافے پر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے امیر عبداللہیان سے یہ بھی کہا کہ مجھے یقین ہے کہ دونوں ملکوں کی مشترکہ تاریخی اور ثقافتی اقدار اور عظیم صلاحیتوں کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات اور کثیر الجہتی تعاون کو تقویت ملے گی۔