مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے اہلسنت علمائے کرام و سادات کرام کے 40رکنی وفد نے قم میں مرجع تقلید آیت اللہ نوری ہمدانی سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔
وفد کی سربراہی علامہ عباس وزیری نے کی۔ آیت اللہ نوری ہمدانی نے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تفرقہ بازی عالمِ اسلام کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ اور ہمیں خود سے سوال کرنا چاہیے کہ آخر ہم فرقوں میں کیوں بٹے ہوئے ہیں۔اگر امت مسلمہ متحد ہوکر پیغمبر اسلام(ص) کی تعلیمات پر عمل کرتے تو دنیا بھر پہ حکومت کرتے۔ عالمی استعمار امریکہ و اسرائیل ہمیں تقسیم کرکے ہم پہ حکومت کرنا چاہتے ہیں ۔جبکہ ہمیں دنیا پر حکومت کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اہلسنت ہمارے بھائی ہیں اگر پاکستان کے شجاع ،مہمان نواز اور روشن دماغ افراد متحد ہوجائیں تو دشمن پہ غالب آسکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی حکومت گزشتہ حکومتوں سے بہتر تھی۔ جسے بیرونی سازش کے تحت ختم کیا گیا ۔یہ مسلمانوں کی کمزوری کے باعث ہوا جب مسلمان کمزور ہوتے ہیں تو دشمن ہم پہ غالب آجاتا ہے۔ پاکستان کے مسلمان اگر متحد ہوجائیں تو تمام عالم اسلام کے مسلمان طاقت ور ہوسکتے ہیں۔دشمن کو اپنی صفوں میں نہ گھسنے دیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مقدس شخصیات کی توہین فساد فی الارض ہے اور یہ عمل حرام ہے۔ علمی ابحاث کریں مکالمہ ضروری ہے لیکن اختلاف اس قدر نہ بڑھ جائے کہ بات مناظرہ تک پہنچ جائے۔انہوں نے مزید کہا پاکستان کے علمائے کرام سے 40سال قبل لاہور کراچی اور اسلام آباد میں میری ملاقات ہوئی تھی سب بابصیرت اور مہمان نواز تھے۔