مہر خبررساں ایجنسی نے رشا ٹوڈے کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یوکرین کے ایمرجنسی ریسکیو ہیلی کاپٹر میں وزیر داخلہ سمیت 9 افراد سوار تھے اور نامعلوم مقام کی جانب جا رہے تھے۔پرواز بھرنے کے تھوڑی دیر بعد ہیلی کاپٹر ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد سمیت جہاں ہیلی کاپٹر گرا وہاں موجود کئی افراد ہلاک ہوگئے۔
ہیلی کاپٹر گرنے کے مقام پر بڑی تعداد میں شہری اور بچے موجود تھے۔ اس لیے حادثے میں کئی بچے بھی ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔
سرکاری میڈیا نے ابتدا میں یہ بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر ایک پرائمری اسکول پر گرا تھا تاہم بعد میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹر ایک نرسری کے نزدیک گرا تھا جہاں بڑی تعداد میں بچے مقیم تھے۔
تاحال ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے، حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔