مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمائندے حجة السلام مہدی مہدوی پور نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی ایران نے دنیا بھر کے حریت پسندوں کو امریکی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کی دعوت دی ہے جو ان کی دوراندیشی اور فراست پر مبنی نکتہ نگاہ کی عکاسی کرتا ہے۔
ہندوستان کے دار الحکومت نئی دہلی میں ہونے والی ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ رہبر معظم کی یہ نگاہ نہ صرف خالصتاً انسانی ہے بلکہ آج دنیا کے گوشہ و کنارے میں پسے ہوئے تمام مظلوموں کی بھی آواز ہے، کیونکہ امریکہ کا کردار اپنے جھوٹے دعووں کے برخلاف ہمیشہ انسانیت اور انسانی اقدار کے برخلاف رہا ہے۔
انہوں نے کہا دنیا بھر کے حریت پسند نظریہ رکھنے والوں پر لازم ہے کہ وہ امریکہ کے استعماری کردار اور اس کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کریں اور خاص طور پر یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ اور دانشوروں پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساتھ ہی صحافت کا شعبہ بھی اہم ہے۔ معاشرے پر انداز ہونے والے تمام لوگوں کو انسانی ذمہ داری ہے کہ وہ سب مل کر دنیا کے مظلوموں کی آواز بنیں۔
در ایں اثنا ایران کی یوتھ آرگنائزیشن فار ہیومن رائٹس کے سیکریٹری جنرل امین انصاری نے کانفرنس کی سائڈ لائن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب نے امریکی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لئے ایران اور دنیا بھر میں ایک ہفتہ منانے کی تاکید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب کی اسی تاکید کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ان کی تنظیم کچھ سالوں سے ایران اور مختلف ممالک میں امریکی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے بین الاقوامی اور قومی کانفرنسز کا انعقاد کرتی ہے۔
امین انصاری نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ امریکی خلاف ورزیوں کو تین طرح سے دیکھا جاسکتا ہے۔ ایک امریکہ کی بین الاقوامی سطح پر انسانی حقوق کی پامالی جو وہ اپنی مذموم استکباری اور تسلط پسندانہ بالادستی کو قائم رکھنے کے لئے دنیا بھر میں کرتا رہا ہے اور بدستور کر رہا ہے۔ دوسرے امریکہ کی خود اپنے ملک کے اندر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے ہے ہم امریکہ کی حقیقت کو دنیا کے سامنے لائیں اور یہ بتائیں کہ وہ ملک جو خود کو انسانیت اور انسانی حقوق کا علمبردار کہتا ہے سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی خود اپنے ملک اور اپنے شہریوں پر روا رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیسرے درجے میں ہمارے مدنظر امریکہ کی ایران کے حوالے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہیں۔ یہ خلاف ورزیاں انقلاب اسلامی کے آغاز سے ہی جاری ہیں جس میں تمام طرح کے غیر انسانی کام شامل ہیں۔
ایران کی یوتھ آرگنائزیشن فار ہیومن رائٹس کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہم اب تک ملک کے اندر متعدد بین الاقوامی کانفرنسز کا انعقاد کر چکے ہیں جبکہ کچھ دیگر ممالک من جملہ ترکیہ اور وینزویلا میں بھی اس سلسلے میں کانفرنسیں ہوچکی ہیں۔
انہوں نے آخر میں اس امید کا اظہار کیا کہ رہبر انقلاب اسلامی یہ انسان دوستی اور امن کا پیغام دنیا کے تمام انسانوں تک پہنچے گا اور اس دوران امریکہ کا غیر انسانی کردار بھی سب پر عیاں ہوگا۔