مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم کے زیر اہتمام تکریم شہداء کانفرنس اسلام آباد میں جاری ہے۔
کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری ،سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا ،جماعت اہل حرم پاکستان کے سربراہ مولانا گلزارِ احمد نعیمی سمیت دیگر رہنما شریک ہیں۔
کانفرنس سے خطاب میں سربراہ سنی اتحاد کونسل پاکستان صاحبزادہ حامد رضا نے کہاکہ پاکستان میں مزارات ،امام بارگاہ اور علماء کرام نے ان تکفیریوں کے حملوں کو سہا اور ریاست نے کبھی عظمت صحابہ کرام کے نام پر لشکر بنائے کبھی جہاد اسلام کے نام پر لشکر بنائے۔
انہوں نے کہاکہ کالعدم تحریک طالبان کے ساتھ مذاکرات احمقانہ فیصلہ ہے،وحشی اور بربریت کا کھیل کھیلنے والے لشکروں کو قومی دھارے میں لانے کی بات انتہائی افسوس ناک ہے اور موجودہ وزیر داخلہ داتا گنج بخش رحمۃ اللّٰہ کے مزار پر حملہ آوروں کی پشت پناہی کرتے رہے ہیں۔
انہوں نے آخر میں کہاکہ دنیا میں عزت سے جینا ہے تو مانگنے کی بجائے دینے والا بننا ہو گا اور جب تک ملک پر موجودہ حکمران مسلط ہیں حالات بد تر ہوتے جائیں گے۔