مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک بیداری امت مصطفی پاکستان کے زیراہتمام "وحدت امت کانفرنس" کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان "وحدت دین کی پکار۔۔ تفرقہ دشمن کا ہتھیار" رکھا گیا تھا۔ کانفرنس کا انعقاد این آئی سی ایل بلڈنگ اسلام آباد میں کیا گیا جس میں پاکستان بھر سے تمام مکاتب فکر کے جید اور بزرگ علماء کرام، مفتیان دین، سجادہ نشین، دانشوران ملت، صحافی حضرات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ سربراہ تحریک بیداری امت مصطفی علامہ سید جواد نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تفرقہ وہ خنجر ہے جو دشمن نے مسلمانوں کے ہاتھوں تھما دیا ہے، جس سے مسلمان عرصے سے اپنے ہی پیکر کو قصائیوں کی طرح چھیر پھاڑ رہے ہیں، یہ ہتھیار پھینک دینا چاہیے اور دشمنوں کو واپس کر دینا چاہیے اور اس کے بجائے اللہ کی پکار پر لبیک کہنا چاہیے جو کہ وحدت ہے۔
پروگرام میں سجادہ نشین عید گاہ شریف راولپنڈی پیر محمد نقیب الرحمٰن، سجادہ نشین آستانہ عالیہ حسین آباد، پیر سید محمد شمس الرحمٰن مشہدی، مفتی سید عثمان شاہ بادشاہ (پشاور)، کلچرل قونصلر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر احسان خزاعی، آستانہ عالیہ بھانٹ شریف گجر خان پیر سائیں نعیم احمد قلندری، مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، رئیس شعبہ تقابلِ ادیان اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر آفتاب احمد، پیر سید مجاہد شاہ، علامہ محمد عابد شاکری( پشاور)، پیر آف مانکی شریف پیر جنید امین نے شرکت کی۔
صدر اتحاد المدارس العربیہ مفتی زبیر فہیم، خالد محمود عباسی، نائب ناظم اعلیٰ برائے سیاسی امور متحدہ جمیعت اہلحدیث پاکستان سکندر حیات زکی ، علامہ اخلاق حسین شریعتی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جمیعت علمائے اسلام پاکستان علامہ حیدر علوی، ڈاکٹر اسد زمان (معروف سوشل سائنٹسٹ و اکانومسٹ)، صدر نظام المدارس پنجاب و آزاد کشمیر منھاج القرآن انٹرنیشنل صاحبزادہ محمد نفیس القادری، ناظم تنظیم اسلامی اسلام آباد ڈاکٹر ضمیراختر اور ناظم مجمع المدارس تعلیم الکتاب و الحکمۃ اسلام آباد علامہ عمیس اشرف و دیگر نے بھی شرکت کی۔