مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، جمعے کے روز ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ہالینڈ کے وزیر خارجہ ووپک ہوئکسٹرا نے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے ایران اور ہالینڈ کے تاریخی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے باہمی تعاون کو بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے انسانی حقوق اور خواتین کے حقوق کے معاملے میں مغربی ممالک کے دوہرے معیار اور ایران کے اندرونی مسائل کے حوالے سے ان کے مداخلت پسندانہ موقف پر تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ مغربی ریاستوں کی طرف سے میڈیا ذرائع اور ٹولز کے ذریعے ایرانی نوجوانوں اور خواتین کو اکسانا سفارتی میدان میں ایک غیر نتیجہ خیز فعل تھا جو ایران میں تشدد اور دہشت گردی کی کارروائیوں کو پھیلانے کا باعث بنا۔
امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ بلاتردید فسادیوں اور دہشت گردی اور پولیس اور عوامی سلامتی کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کے مرتکب افراد کو ملک کے عدالتی قوانین کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔