مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی میڈیا نے جمعرات کی صبح خبر دی ہے کہ غاصب صہیونی حکومت کے فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں واقع جنین کیمپ پر دھاوا بول دیا۔
مقامی فلسطینی شہاب نیوز ایجنسی کے مطابق فلسطینی نوجوانوں نے بھی اسرائیلی فوجیوں کی جارحیت کا مقابلہ کیا جس پر قابض صہیونی افواج نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق جھڑپوں میں کم از کم 2 فلسطینی شہید اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔
فلسطینی اسلامی جہاد تحریک کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ سے وابستہ جنین بٹالین نے ان دونوں فلسطینیوں کی شہادت کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ جنین بٹالین کے ارکان تھے۔
در ایں اثنا یہ نئی صورتحال اس وقت سامنے آئی ہے جب قابض صہیونی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنے چھاپوں کو تیز کر دیا ہے۔ صہیونی قابض افواج صرف دو دنوں میں مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں کم از کم 9 فلسطینیوں کو شہید کر چکی ہیں۔