مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے بدھ کے روز ایک ٹویٹ میں برطانوی وزیر خارجہ کے بیان پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا۔
انہوں نے دہشت گرد نیٹ ورک "ایران انٹرنیشنل" کے ملازمین کے حفاظت کو سخت کرنے اور آزاد صحافت کی حمایت کا دعویٰ کرنے کے بارے میں برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی کے حالیہ بیان کے رد عمل میں لکھا کہ ایک حکومت کے وزیر خارجہ جو ایک ایسے نیٹ ورک کی میزبانی اور حمایت کرتا ہے جو آزادانہ طور پر ایران کی قوم اور قومی سلامتی کے خلاف دہشت گردی، تشدد اور افراتفری کو فروغ دیتا ہے، دعویٰ کرتا ہے کہ برطانیہ کی حکومت آزاد اور دیانت دار صحافت کو واقعی سنجیدگی سے لیتی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ جناب وزیر ان جھوٹے نعروں کے ساتھ آپ سرکاری طور پر ایرانی عوام کے خلاف وار روم کی حمایت کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے لندن میں قائم سعودی میڈیا اشرق الاوسط کے ساتھ انٹرویو میں "ایران انٹرنیشنل" دہشت گرد نیٹ ورک کے لئے برطانیہ کی جانب سے حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے کے بارے میں کہا کہ ہم برطانیہ میں موجود لوگوں کی سلامتی کو ناقابل یقین حد تک سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی حکومت آزاد، دیانتدار اور کھلی صحافت کی اہمیت کو ناقابل یقین حد تک سنجیدگی سے لیتی ہے اور جب ہم یہ سمجھتے ہوں کہ برطانوی سرزمین پر خطرات ہیں، تو برطانیہ اس خطرے کا واضح جواب دیتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل برطانوی وزیر خارجہ نے ایران میں حالیہ فسادات کے بعد بلوائیوں اور فسادیوں کی حمایت کی تھی۔ اس سلسلے میں برطانیہ نے متعدد ایرانی حکام اور اداروں کے خلاف پابندیاں بھی عائد کر رکھی ہیں۔