مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے قم میں بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی ناصر مکارم شیرازی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے ملکی مسائل کے حل کے لیے حکومت کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کا بھاری بوجھ عوام کو پریشان کر رہے ہیں. انہوں نے کہا کہ بعض تاجر اور کاروباری افراد شرح مبادلہ میں اضافے سے غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں جبکہ مارکیٹ پر حکومت کا مکمل کنٹرول ہونا چاہیے اور تاجر اور کاروباری حلقوں کے غیر منصفانہ رویوں پر نظر رکھنی چاہئے۔
آیت اللہ العظمی مکارم شیرازی نے ملک کے بینکاری نظام میں موجود خامیوں اور اسمگلنگ کی صورت میں اشیا کے وسیع پیمانے پر داخلے کو اقتصادی نظام کے دیگر مسائل میں شمار کیا اور کہا کہ حکومت کو ان کی اصلاح پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران ملک میں ہونے والے فسادات اور بدامنی کے واقعات کا بھی ذکر کیا اور مزید کہا کہ ان حالیہ واقعات میں مسائل کا کچھ حصہ بعض غلط فیصلوں کی وجہ سے وجود میں آیا کہ جن کی بہتر منصوبہ بندی کی جانی چاہیے تھی۔
برزگ مرجع تقلید کا مزید کہنا تھا کہ دوسری جانب بعض سازشی یا دھوکہ کھائے ہوئے افراد بھی جلاو گھیراو، تخریب کاری اور بے گناہوں کا خون بہانے کے اقدامات میں ملوث ہیں جن سے سختی سے نمٹا جانا چاہیے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یقیناً تنقید کو سننا چاہیے اور اس کے صحیح اظہار کا مناسب موقع بھی فراہم کیا جانا چاہیے۔
آیت اللہ مکارم شیرازی نے حجاب کے مسئلے پر بھی کہا کہ حجاب کا مسئلہ ثقافتی کام کے ذریعے حل ہونا چاہیے نہ کہ دباؤ کے ذریعے۔ ملاقات کے اختتام پر انہوں نے تیز رفتار اور بروقت خبروں کی فراہمی کو حکومت کی اہم ترجیحات میں سے ایک قرار دیا اور اسے بہتر بنانے کا مطالبہ کیا۔