پاکستانی صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کی استقلال اسٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہمیں واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بچوں سمیت واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں، پاکستان ترکیہ کے عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، ہرطرح کی دہشت گردی قابل مذمت ہے۔

دوسری جانب صدر عارف علوی نے  ترکیہ کی استقلال اسٹریٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی تمام دُنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے، ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ دہشت گردی کے اِس واقعے کے خلاف کھڑے ہیں۔
انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور ورثا کے لیے صبر کی دعا کی اور کہا ہک دکھ کی اِس گھڑی میں ترکیہ کی عوام کے ساتھ ہیں۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، سابق صدر اور پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، وزیر خارجہ بلاول بھٹو سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی ترکی میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔