آیت اللہ رئیسی نے اپنے روسی ہم منصب کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں خطے میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور یوریشیائی خطے میں نقل و حمل کی لائنوں کی مضبوطی و ترقی پر تبادلہ خیال کیا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی نے ہفتہ کی شام روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے فون کال کے جواب میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور بنیادی روابط کو بڑھانے پر مبنی روس کی خواہش کا خیرمقدم کیا نیز علاقے میں نقل و حمل کی ترقی کو انہوں نے یوریشیائی خطے میں تجارتی تعلقات اور اقتصادی تعاون کی بحالی کی ایک اہم وجہ قرار دیا۔

تفصیلات کے مطابق، دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات میں اضافے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ایرانی صدر رئیسی نے تعلقات کی سطح کو بہتر بنانے اور دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے سیاسی اور اقتصادی مشاورت کو اہم قرار دیا۔

اس ٹیلیفونک گفتگو میں روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کی خصوصی جغرافیائی پوزیشن پر تاکید کرتے ہوئے شمال-جنوب کوریڈور کو سامان کے نقل و حمل میں وقت اور اخراجات کو کم کرنے میں مؤثر قرار دیا اور کہا کہ یہ ٹرانزٹ روٹ معیشت اور تجارت کے لیے پوری دنیا میں ایک پرکشش راستہ بن گیا ہے۔

پیوٹن نے 100 رکنی روسی تجارتی وفد کے ایران کے تیسرے بڑے اقتصادی وفد کے طور پر تہران کے دورے کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ ایران اور روس کے پاس ایک دوسرے کے ساتھ دوستانہ روابط بڑھانے کیلئے بہت سی صلاحیتیں اور مواقع موجود ہیں۔

روس کے صدر نے شیراز میں دہشت گردی کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے ایک بار پھر ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا اور ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی۔

مہر نیوز کے مطابق، روسی صدارتی دفتر (کریملن) نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس ملک کے صدر نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ ہفتہ کے روز ٹیلی فون پر بات چیت اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

کریملن کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پیوٹن اور ایرانی صدر نے نقل و حمل کے شعبہ سمیت سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ روس کے صدر نے اپنے ایرانی ہم منصب کے ساتھ بات چیت میں ایک بار پھر شیراز میں (شاہ چراغ کے مقدس مزار میں) دہشت گردانہ کارروائی کے حوالے سے ابراہیم رئیسی سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

الجزیرہ ٹی وی چینل نے کریملن کے مطابق نقل کیا ہے کہ پیوٹن اور سید ابراہیم رئیسی نے ایرانی اور روسی اداروں کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرنے پر اتفاق نظر کا اظہار کیا ہے۔