ایران کے صدر نے الگ الگ پیغامات میں گریکو رومن ریسلنگ ورلڈ کپ کی فاتح قومی گریکو رومن ٹیم اور بین البراعظمی ساحلی فٹ بال کپ جیتنے والی قومی ساحلی فٹبال ٹیم کو مبارکباد دی۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ رئیسی نے اپنے مبارکبادی کے پیغام میں کہا کہ آذربائیجان میں ہونے والے کشتی کے عالمی کپ میں ایران کی قومی کشتی ٹیم کی جیت قابل فخر اور کھیلوں کے میدانوں میں باوقار اسلامی، ایرانی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور قابلیت کی نشانی ہے، اسی طرح کوچز، ٹیکنیکل ٹیم اور گریکو رومن ریسلنگ ٹیم کے تمام ارکان کی کوششیں کہ جو ایران کے لیے بین الاقوامی شان و شوکت کا باعث بنیں، تہہ دل سے قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ قابل فخر فتح مختلف کھیلوں کے میدانوں میں باوقار ایرانی کھلاڑیوں کی طاقت اور قابلیت کی علامت ہے۔

خیال رہے کہ گریکو رومن کشتی کے عالمی کپ کا فائنل اتوار کی رات کو آذربائیجان کے شہر باکو میں ایران اور آذربائیجان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں ایرانی ٹیم نے آذربائیجان کی ٹیم کو ہرا کر 2022 کا گریکو رومن ریسلنگ ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ایرانی ٹیم مقابلوں میں آذربائیجان کے ساتھ 5-5 سے برابر رہی تاہم 21-19 کے مثبت سکور کی برتری سے چیمپئن بنی۔

در ایں اثنا آیت اللہ رئیسی نے ایران کی ساحلی فٹبال ٹیم کی جیت کے موقع پر اتوار کی رات اپنے پیغام میں ساحلی فٹبال کے قومی کھلاڑیوں، ایرانی قوم، ٹیم کے کوچز اور معاون اسٹاف کی تہہ دل سے تعریف کی جنہوں نے اس قومی اعزاز کو رقم کیا۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے بین البراعظمی کپ میں ایران کی قومی ساحلی فٹبال ٹیم کی چیمپئن شپ بین الاقوامی کھیلوں کے میدانوں میں ایران کی طاقت کا ایک اور مظہر تھی۔

ایران کے صدر نے اپنے پیغام کو ان الفاظ کے ساتھ ختم کیا کہ میں اس قابل فخر اور شاندار فتح کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور کوچز، کھلاڑیوں اور ٹیم مینیجرز کو سراہتا ہوں جنہوں نے یہ اعزاز حاصل کیا اور اللہ تعالیٰ سے پیارے ملک ایران کی عظمت کے لیے دعاگو ہوں۔

واضح رہے کہ ایران کی قومی ساحلی فٹبال ٹیم اتوار کو دبئی میں ہونے والے فائنل میں برازیل کو شکست دے کر 2022 کے بین البراعظمی بیچ سوکر کپ کی چیمپئن بنی۔

در ایں اثنا ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے بھی عالمی ریسلنگ کپ میں ایران کی قومی گریکو رومن ٹیم کی چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد پیش کی۔

لیبلز