پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون سمیت دیگر اہم امورپر تبادلہ خیال کیا۔

مہر خبررسا٘ں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز سے نقل کیاہےکہ پاکستان کے وزیراعظم  شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی اور دو طرفہ تعاون سمیت دیگر اہم امورپر تبادلہ خیال کیا۔چین کے دو روزہ سرکاری دورے میں وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے، سی پیک میں تعاون بڑھانے اور اسٹریٹیجک پارٹنر شپ مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف پہلی مرتبہ اپنے وفد کے ہمراہ چین کا دورہ کررہے ہیں۔ وفاقی وزرا، معاونین خصوصی اور اعلیٰ سرکاری افسران وزیراعظم کے وفد میں شامل ہیں۔ وزیراعظم  شہباز شریف آج چینی سرمایہ کاروں اور پاکستانی تاجروں سے بھی ملاقات کریں گے۔