مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فوکس نیوز نے ایک سروے کے نتائج رپورٹ کیے ہیں جس کے مطابق 2024 میں ہونے والے آئندہ صدارتی انتخابات میں موجودہ صدر جو بائیڈن کو صرف 33 فیصد امریکی عوام دوبارہ منتخب کرنا چاہتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس سروے رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ 54 فیصد امریکی عوام بائیڈن کے علاوہ کسی دوسرے فرد کو امریکہ کا صدر منتخب کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔سروے کے نتائج سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ رواں سال کے آغاز میں یہ شرح 36 فیصد تھی، اس طرح بائیڈن کے امریکہ کے اگلے صدر کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے کے امکانات کمزور ہیں۔
در ایں اثنا سروے میں حصہ لینے والوں میں سے 10 فیصد نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا کہ وہ وائٹ ہاؤس میں اگلے صدر کے طور پر کسے دیکھنا چاہتے ہیں۔
ماہر عمرانیات اور سروے ٹیم کے ایک رکن کرس اینڈرسن نے کہا کہ یہ نتائج بتاتے ہیں کہ کچھ ڈیموکریٹس بائیڈن سے زیادہ قابل امیدوار کی آس لگائے ہوئے ہیں جبکہ ریپبلکنز یقیناً ان کے دوبارہ انتخاب کے خلاف ہیں۔ واضح رہے کہ یہ رائے شماری اگلے ماہ منعقد ہونے والے کانگریس کے وسط مدتی انتخابات سے قبل 9 سے 12 اکتوبر تک ٹیلی فون کے ذریعے کرائی گئی تھی اور اس میں 1,206 افراد نے حصہ لیا تھا۔