پاکستان آئل فیلڈز لمیٹیڈ کھوڑ کی سپلائی لائن سے کنکشن لگا کر کروڑوں روپے مالیت کے کروڈ آئل کی چوری کا انکشاف ہوا ہے، کمپنی کے سیکیورٹی عملے نے ملزم کو گرفتار کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیاہےکہ راولپنڈی کے تھانہ دھمیال میں مقدمہ درج کراتے ہوئے پاکستان آئل فیلڈ لمیٹڈ کمپنی کے سیکورٹی انچارج حمود الرحمان نے بتایا کہ کمپنی کھوڑ سے کروڈ آئل بذریعہ پائپ لائن اٹک آئل ریفائنری کو سپلائی کرتی ہے۔

سیکیورٹی انچارج کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے پائپ لائن سے کروڈ آئل چوری ہورہا تھا جس پر ہم لائن کی نگرانی کررہے تھے، 12 اکتوبر کو شک کی بنیاد پر ایک گاڑی کا تعاقب کیا تو معلوم ہوا کہ پیلو گاؤں کے قریب ہماری پائپ لائن سے کنکشن لگا کر ایک پلاٹ میں لے جایا گیا تھا اور وہاں سے بظاہر ٹینکر میں پانی بھر فروخت کیا جارہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جب موقع پر پہنچے تو پانچ افراد پائپ لائن سے آئل چوری کر رہے تھے جو ہمیں دیکھ کر بھاگ گئے تعاقب کرکے ایک شخص شفیق خان کو قابو کرکے پولیس کے حوالے کردیا۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی کا تقریبا 7 ہزار 4 سو بیرل تیل جسکی مالیت 15 کروڑ 16 لاکھ 40 ہزار روپے سے زائد بنتی ہے چوری کیا گیا ہے۔

کمپنی حکام نے مطالبہ کیا ہے کہ تیل چوری کرنے والی گاڑی کے مالک، جگہ کے مالک اور دیگر ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لا کر تیل برآمد کرکے نقصان کا ازالہ کرایا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔