مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا سے نقل کیاہےکہ بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے بھا دوہی میں ایک بڑے پنڈال میں خوفناک آگ لگنے سے 70 کے قریب لوگ بری طرح جھلس گئے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
بھارت میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار کی 10 روزہ تقریبات جاری ہیں اور اسی سلسلے میں پنڈال میں ساتویں روز کی ساپتامی رسم جاری تھی جس میں درگا دیوی کی پوجا کی جاتی ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پنڈال یاتریوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔ آگ اس وقت لگی جب درگا دیوی کی آرتی اتاری جارہی تھی۔ آگ لگتے ہی بھگدڑ مچ گئی جس سے درجنوں افراد زمین پر گر کر کچلنے سے زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ٹیم نے 5 لاشیں اسپتال ملتوی کی ہیں جن میں 3 بچے شامل ہیں۔ ہلاکتیں جھلسنے اور دم گھٹنے کے باعث ہوئیں۔ 67 کے قریب افراد زخمی ہیں جن میں سے زیادہ تر بھگدڑ میں زخمی ہوئے۔
تاحال آگ لگنے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ حکومت نے واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔