بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نئی دہلی کے پرگتی میدان میں انڈین موبائل کانفرنس (آئی ایم سی) کے چار روزہ پروگرام کا افتتاح کیا اور اس کے بعد بھارت میں 5 جی موبائل خدمات کا آغاز کر دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی میڈیا سے نقل کیاہےکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یکم اکتوبر کو بھارت میں فائیو جی سروسز کا افتتاح کیا جس کی رفتار فور جی کے مقابلے میں دس گنا زیادہ ہوگی۔ مارچ 2023ء تک یہ سروس ملک کے تمام شہروں میں دستیاب ہوجائے گی۔

فائیو جی سروس کے افتتاح کے ساتھ ہی بھارت آج یکم اکتوبر کو موبائل سروسز میں الٹرا ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کے دور میں داخل ہوگیا۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اسے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی میں انڈیا موبائل کانگریس کے اجلاس اور نمائش کے دوران فائیو جی سروس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے مختلف ٹیلی کام آپریٹرز اور ٹیکنالوجی فراہم کرنے والوں کی طرف سے پیش کردہ جدید سازوسامان کی نمائش بھی دیکھی اور فائیو جی سروس کا براہ راست تجربہ بھی کیا۔

وزیر اعظم مودی نے کہا،''آج 130کروڑ بھارتیوں کو فائیو جی کا تحفہ ملا ہے۔ یہ ایک نئے دور کا آغاز ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ نیا بھارت صرف ٹکنالوجی کا صارف ہی نہیں ہوگا بلکہ وہ ٹیکنالوجی کی ترقی اور نفاذ میں ایک سرگرم کردار بھی ادا کرے گا۔‘‘

فی الحال آٹھ شہروں میں دستیاب

فائیو جی سروس کے افتتاح کے ساتھ ہی یہ آج یکم اکتوبر سے بھارت کے آٹھ شہروں میں دستیاب ہوجائے گی۔ ان میں دہلی، ممبئی، بنگلورو اور وارانسی شامل ہیں۔

فائیو جی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بھارت میں ٹیلی کام سروس سے وابستہ تین بڑی کمپنیوں کے مالکان بھی موجود تھے۔

’جیو‘ کے نام سے ٹیلی کام سروس چلانے والی ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی کا کہنا تھا کہ بھارت میں فائیو جی سروس کا آغاز گوکہ نسبتاً تاخیر سے ہوا ہے لیکن بہت تیزی کے ساتھ ملک بھر میں اس کی توسیع ہوگی۔

ائیرٹیل نامی بھارتی انٹرپرائزیز کے مالک سنیل متل نے بتایا کہ مارچ 2023ء تک بھارت کے بیشتر شہروں میں اور مارچ سن2024 تک ملک کے دیہاتوں میں بھی فائیو جی کی سہولت پہنچ جائے گی۔ ووڈا فون آئیڈیا چلانے والے ِبرلا گروپ کے چیئرمین کمار منگلم کا کہنا تھا کہ فائیو جی کے دور میں قدم رکھنے کے ساتھ جدید ٹکنالوجی کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔