ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ اربعین مارچ کے دنوں کے لئے ملک کے سرحدی علاقوں میں ۴۰۰ بیڈز تیار رکھے گئے ہیں۔  

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر صحت بہرام عین اللہی نے شلمچہ کے انٹرنیشنل باڈر پر قائم کئے گئے شہید قاسم سلیمانی طبی مرکز اور ایمرجنسی سینٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ عراق میں کئی میٹنگز انجام پائی ہیں اور ہم نے اپنے طبی ماہرین، ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر طبی عملہ عراق بھیجنے کے لئے آمادگی کا اعلان کیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اربعین کے ایام میں ضروری اقدامات انجام دینے کے لئے ملک کی ایمرجنسی آرگنائزیشن کے سربراہ جعفر میعاد فر کو نمائندہ خصوصی مقرر کیا گیا ہے جو گزشتہ ماہ سے شب و روز اس سلسلے میں مصروف عمل ہیں۔ 

ایرانی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ زائرین کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے ملکی باڈرز پر بہت اچھے انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ ان ایام میں سرحدی نقاط پر ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ کے ۲ ہزار ٦١١ تعینات ہیں اور ۳٦۳ ڈاکٹرز زائرین کی طبی دیکھ بھال میں مصروف کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی نقاط پر طبی عملے کی تعداد ۸۴۵ ہے اور ملک بھرسے ۲۳۴ ایمبولینس خدمات فراہم کر رہی ہیں جبکہ ان کے علاوہ ۳۸ بس ایمبولینس بھی موجود ہیں۔

عین اللہی نے کہا کہ اربعین کے زائرین کی خدمت کے لئے ۳۸ موٹر لانس بھی رکھی گئی ہیں جبکہ تین عدد ہوائی جہاز اور ۹ ہیلی کاپٹر بھی سرحدی علاقوں میں تعینات کئے گئے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ سرحدی علاقوں میں سپاہ پاسداران، آرمی، پولیس فورس اور فرمان امام خمینی کے ایگزیکٹیو ہیڈکوارٹر کے تعاون اور مدد سے ۸ فیلڈ اسپتال قائم کئے گئے ہیں۔ 

وزیر صحت کا مزید کہنا تھا کہ سرحد علاقوں میں ۴۵۰۰ بیڈز تیار رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے مخصوص موسمی حالات کے پیش نظر زائرین سے درخواست کی کہ احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں اور صحت کے اصولوں اور خاص طور پر گرمی سے بچنے کے لئے محتاط رہیں۔