اسرائیلی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں مقاومتی قوتوں کی جانب سے الاقصی برگیڈ کے کمانڈر ابراہیم النابلسی کی شہادت کے ممکنہ رد عمل کے بارے میں خبردار کیا ہے۔   

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غاصب اسرائیل کے چینل ١۰ نے گزشتہ رات ایک رپورٹ نشر کی جس میں مغربی کنارے کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔  رپورٹ میں کہا گیا کہ تل ابیب کے حکام ابراہیم النابلسی کی ہلاکت کے رد عمل میں مغربی کنارے میں فلسطنیوں کی انتقامی کاروائی سے خوفزدہ ہیں۔ 
رپورٹ کے مطابق غاصب اسرائیلی فوجی حکام فلسطینیوں کی جانب سے نابلس میں صہیونی افواج اور آباد کاروں کے خلاف خاص طور پر حضرت یوسف ﴿ع﴾ کی آرامگاہ کے تاریخی مقام میں انتقامی کاروائیوں سے شدید خوفزدہ ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران غاصب صہیونی افواج نے غزہ میں جنگ بندی کے بعد قدس اور مغربی کنارے پر اپنی جارحیت میں اضافہ کردیا ہے۔ 
گزشتہ روز مغربی کنارے کے شہر نابلس کے مخلتف حصوں پر صہیونی افواج کی وحشیانہ جارحیت کے دوران تین فلسطینی مزاحمت کارشہید ہوگئے تھے۔ شہید ہونے والوں میں الاقصی برگیڈ ﴿الفتح کا عسکری ونگ﴾ کے کمانڈر ابراہیم النابلسی بھی شامل تھے جبکہ ۴۲ فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔