مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستان نے غزہ پر اسرائیل کے فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں ایک پانچ سالہ بچی سمیت متعدد افراد شہید ہوگئے ہیں۔
حملوں کی مذمت کرتے ہوئے پاکستانی دفتر خارجہ (ایف او) کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جارحیت کا تازہ ترین سلسلہ ’بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی مکمل خلاف ورزی ہے اور تل ابیب بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف مظالم، غیر قانونی اقدامات اور طاقت کا اندھا دھند استعمال کررہا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل پر زور دے کہ تل ابیب ’طاقت کے بے دریغ استعمال اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزیوں‘ کو فوری طور پر بند کرے اور مزید کہا کہ جارحیت کو فوری طور پر روکنا ’لازمی‘ ہے۔