ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ آصف علی زرداری نے آئین، جمہوریت اور عوامی مفاد کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، اتحادی جماعتوں کے قائدین کی سیاسی بصیرت اور اتحاد سے جمہوریت فتح مند ہوئی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ آصف علی زرداری نے آئین، جمہوریت اور عوامی مفاد کے لیے تاریخی کردار ادا کیا، اتحادی جماعتوں کے قائدین کی سیاسی بصیرت اور اتحاد سے جمہوریت فتح مند ہوئی۔شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت چوہدری ظہور الٰہی شہید کے سیاسی وارث اور علمبردار ہیں، انہوں نے اپنے والد اور خاندان کی جمہوری روایت کو زندہ و جاوید کیا۔

انہوں نے کہاکہ ’چوہدری شجاعت کا کردار جمہوریت اور آئینی اقدار کی جیت ہے، چوہدری شجاعت، ان کے خاندان اور ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں کہ جس نے ہمیں پھر سرخرو فرمایا‘۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم کا مذکورہ بیان حمزہ شہباز کے دوبارہ وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مسلم لیگ (ق) کے تمام ووٹوں کو مسترد کیا اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو برتری حاصل ہونے پر وزیر اعلیٰ منتخب کر دیا۔