ایران، عراق، افغانستان، بھارت اور پاکستان سمیت دیگر ملکوں میں عید الاضحٰی مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جائے گی۔

مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران، پاکستان، بھارت سمیت مختلف ممالک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں عید کی نماز کے اجتماعات منعقد کیے جائیں گے، نماز کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔

اس کے علاوہ فلسطین و مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مسلم ممالک میں جاری فتنہ و فساد کے خاتمے کے لئے بھی اللہ رب العزت کی بارگاہ میں دعا کی جائے گی۔

پاکستان میں این سی او سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نماز عید الاضحی کی ادائیگی کے دوران ماسک کا استعمال کریں اورکورونا ایس او پیز پر سختی عمل کریں۔

بارش کے باعث بیشتر عید گاہوں، میدانوں اور پارکوں میں پانی جمع ہے، اس جمع پانی کی نکاسی نہ ہونے کے سبب ان میں عید الاضحی کی نماز کی ادائیگی ممکن نہیں ہے اس لیے نماز عید کے اجتماعات کا انعقاد زیادہ تر مساجد میں ہوگا۔

نماز عید الاضحی کے بعد تینوں ایام میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے جانور قربان کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا، شہری اللہ کی راہ میں انفرادی اور اجتماعی قربانی کریں گے، قربانی کا گوشت مساکین اور غربا میں تقسیم کیا جائے گا۔