اجراء کی تاریخ: 8 جولائی 2022 - 11:23

جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو ابے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے، تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مہر نیوز ایجنسی نے غیر ملکی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ سابق جاپانی وزیراعظم کو مغربی شہر نارا میں انتخابی مہم کی تقریر کے دوران گولی ماری گئی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں دل کا دورہ پڑا۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شنزو ابے پر حملے کے فوری بعد ایک مشکوک شخص کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

دوسری جانب حکومت نے کہا ہے کہ واقعہ کی جانچ پڑتال کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دی جاچکی ہے جبکہ اعلیٰ حکام جلد میڈیا کو سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق آگاہ کریں گے۔

واضح رہے کہ جاپان کے سب سے طویل عرصے تک وزیراعظم رہنے والے شنزو ابے 2006 میں پہلی مرتبہ ایک سال کیلئے جبکہ 2012 سے 2020 کے طویل دورانیے تک دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوئے تاہم ناسازی صحت کے باعث وہ عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو ابے پر قاتلانہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعائیں اور نیک خواہشات اہلخانہ اور جاپانی عوام کے ساتھ ہیں۔