مسجد الاقصی پر آج صبح سے صہیونیوں کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے بھی مسجد الاقصی کا دفاع کرنے کے لئے ہائي الرٹ جاری کررکھا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے بین الاقوامی امور کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق مسجد الاقصی پر آج صبح سے صہیونیوں کے وحشیانہ حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ فلسطینی مزاحمتی تنظیموں نے  بھی مسجد الاقصی کا دفاع کرنے کے لئے ہائي الرٹ جاری کررکھا ہے۔ اطلاعات کے مطابق صہیونیوں نے آج بروز اتوار  سہ پہر 4 بجے بیت المقدس  پر قبضہ کی سالگرہ کے موقع پر صہیونی پرچم لہرانے کا اعلان کیا ہے۔ صہیونیوں کے اس اقدام کو اشتعال انگیز قراردیا جارہا ہے۔ ادھر فلسطینیوں نے مسجد الاقصی کی بے حرمتی کرنے پر انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ صہیونیوں کے اشتعال انگیز اقدام کا بھر پور مقابلہ کیا جائےگا۔

فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے اعلی رکن محمد شلح نے مسجد الاقصی میں صہیونی پرچم گشائی کی تقریب کو اسرائيلی وزير اعظم نفتالی بینٹ کی حکومت کے تابوت میں آخری کیل قراردیا ہے۔

ادھر صہیونیوں کے 1000 افراد پر مشتمل مختلف گروہوں نے مسجد الاقصی پر صبح سے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ۔ صہیونیوں کو اسرائیلی فوج کے 300 اہلکاروں کی حمایت بھی حاصل ہے۔