مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پی آئی اے کی خصوصی پرواز پولینڈ سے 232 پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گئی، خصوصی پرواز میں یوکرائن سے پولینڈ آنے والے طلبا اور دیگر افراد سوار تھے۔ یوکرائن سےواپس آنے والے طلبا نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوکرائن میں حالات بہت خراب تھے، بم گر رہے تھے،اللّٰہ نے ہمیں بچایا، کسی نےکچھ نہیں کیا۔
طلبا کاکہنا تھا کہ کھانے پینے کا بہت مسئلہ تھا، 3 دن تک بھوکے رہے،یوکرائن سے تین دن میں پولینڈ پہنچے، پولینڈ میں پاکستانی سفارتخانے نے بہت مدد کی۔
ایئر لائن ترجمان کے مطابق طیارہ صبح سویرے پاکستان سے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا بھیجا گیا تھا، طلبا سمیت 232 مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔