اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں یوم غزہ کی مناسبت سے 200 سے زائد نمائندوں کا اعلامیہ پڑھ کر سنایا گيا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں یوم غزہ کی مناسبت سے 200 سے زائد نمائندوں کا بیانیہ پیش کیا گیا۔ ایرانی پارلیمنٹ کی اعلی انتظامی کمیٹی کے رکن سید محسن دہنوی نےیوم غزہ کی مناسبت سے ایرانی پارلیمنٹ اعلامیہ کو پارلیمنٹ میں پڑھ کر سنایا۔

ایرانی پارلیمنٹ کے نمائندوں نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ  یوم غزہ اسلامی مزاحمت کا اہم اور تاریخی دن ہے اس دن اللہ تعالی کے لشکر کو شیطانی لشکر پر فتح اور کامیابی نصیب ہوئی۔ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ فلسطین کے مظلوم اور ستمدیدہ مسلمانوں کی حمایت کی ہے اورفلسطین اور بیت المقدس کی آزادی تک ان کی حمایت کا سلسلہ جاری رہےگا۔ ہم فلسطینی مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ آج دنیا کے تمام حریت پسند فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔غزہ کی 22 روزہ جنگ میں فلسطینی عوام کو زبردست کامیابی نصیب ہوئی اور یہ کامیابی فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔

ایرانی پارلیمنٹ کے نمائندوں نے اپنے اعلامیہ میں کہا کہ فلسطینی عوام بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی تک اپنی مزاحمتی جد و جہد  کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور وہ دن دور نہیں جب فلسطین فلسطینیوں کی آغوش میں واپس آجائےگا۔ ایرانی پارلیمنٹ کے نمائندوں نے یوم غزہ کی مناسبت سے اعلامیہ سننے کے بعد اسرائیل مردہ باد اور امریکہ مردہ باد کے نعرے بھی لگائے۔