فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے سکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے تنظیم کی 34 ویں سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت کا سلسلہ فلسطین کی آزادی تک جاری رہےگا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے سکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے تنظیم کی 34 ویں سالگرہ کے موقع پر کہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت کا سلسلہ فلسطین کی آزادی تک جاری رہےگا۔جہاد اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ مزاحمت بہترین آپشن ہے۔ بیت المقدس کی آزادی تک اسرائيل کے خلاف مزاحمت کا سلسلہ جاری رہےگا۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس دو ہی آپشن ہیں یا ہم اسرائیل کے ظلم و ستم اور جبر و استبداد کے سامنے تسلیم ہوجائیں یا اسرائیل کے خلاف مزاحمت اور جد و جہد کا سلسلہ جاری رکھیں۔ لہذا ہم اسرائیل کے خلاف فلسطین کی آزادی تک مزاحمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

زیاد النخالہ نے بعض عرب ممالک کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک کے حکمرانوں کی بیت المقدس اور فلسطین کے ساتھ خیانت آشکار ہوگئی ہے اور عرب عوام ، اپنے حکمرانوں کی اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ غداری اور خيانت کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔