مہر خبررساں ایجنسی نے طلوع چینل کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغان طالبان کے نائب سربراہ اور اہم رہنما ملا عبدالغنی برادر قطر سے افغانستان کے شہر قندہار پہنچ گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ملا برادر قندہار میں طالبان کے رہنماؤں سے اہم ملاقات کے بعد کابل روانہ ہوجائیں گے۔
قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے تمام رہنما ملا برادر کے ہمراہ قندہار پہنچ گئے ہیں جہاں وہ افغانستان کی صورتحال کے بارے میں طالبان رہنماؤں کے اہم اجلاس ميں شرکت کریں گے اور اس کے بعد وہ کابل روانہ ہوجائیں گے۔ طالبان کے اہم رہنماؤں کو کابل اور دیگر صوبوں سے قندھار پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
طالبان نے سابق صدر اشرف غنی کے ملک سے فرار کے بعد کابل پر قبضہ کرلیا تھا اور اس سے قبل انھوں نےکسی لڑائی کے بغیر افغانستان کے دیگر صوبوں کا کنٹرول بھی سنبھال لیا تھا۔ طالبان نے ایک بیان میں ملازمین کو عام معافی دیتے ہوئے انھیں کام پر واپس آنے کی ہدایت کی ہے۔