اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ایران، ہندوستان کے ساتھ وسیع تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ایران، ہندوستان  کے ساتھ وسیع تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے ایران کی علاقائی اور ہمسایہ ممالک خاص طور پر ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے پاس مختلف شعبوں عظیم ظرفیتیں اور صلاحیتیں موجود ہیں اور دونوں ممالک کو دوطرفہ ظرفیتوں سے بھر پور استفادہ کرنا چاہیے۔

صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ مشترکہ تعاون سے دہلی اور تہران کے تعلقات کو مطلوبہ سطح تک پہنچایا جاسکتا ہے اور مشترکہ تعاون کا فروغ دونوں ممالک کی قوموں کے لئے مفید اور مؤثر ثابت ہوگا۔

صدر رئیسی نے افغانستان میں امن و صلح کے قیام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی تقدیر کا فیصلہ خود افغانیوں کے ہاتھ میں ہے اگر امریکہ اس سلسلے میں کوئی نیا فتنہ کھڑا نہ کرے تو افغان مسئلہ حل ہوجائےگا۔

اس ملاقات میں ہندوستان کے وزیر خارجہ نے حلف برداری کی تقریب میں صدر سید ابراہیم رئیسی کے خطاب پر خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے نظریات سے متاثر ہوا ہوں اور میں آپ کے نظریات کو ہندوستان کے صدر اور وزیر اعظم کے سامنے پیش کروں گا ، ہندوستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اور ہندوستان کے درمیان تعلقات مطلوبہ سطح پر نہیں ہیں اور ہم تعلقات کی موجودہ سطح  کو مطلوبہ سطح تک پہنچانے کے لئے پختہ عزم رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کل  صدر ابراہیم رئیسی کی حلف برداری کی تقریب میں ہندوستانی حکومت کے خصوصی نمائندے کی حیثیت سے شرکت کی۔