مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا امریکہ کوفوجی اڈے نہ دینے کا فیصلہ اٹل ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان امریکہ کو افغانستان کے خلاف کسی کارروائی کے لیے کوئی فوجی اڈا فراہم نہیں کرے گا، پاکستان پر کوئی دباؤ نہیں ہے، پاکستان کو دنیا کی کوئی طاقت نظر انداز نہیں کر سکتی۔
پاکستانی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ پوری قوم ملک کی سلامتی کیلئے پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہے، طورخم اور چمن کا بارڈر کھلا رہے گا، طورخم بارڈر پر ویکسینیٹڈ پاکستانیوں کو داخلے کی اجازت ہو گی، افغانستان ایک خود مختار ملک ہے، کوئی مداخلت نہیں ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات پاکستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے لئے ضروری ہیں۔