مہر خبررساں ایجنسی نے آناتولی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ترکی میں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیل اور بعض عرب ممالک کے فلسطین کے بارے نئے سازشی منصوبے کے خلاف امریکی سفارت خانے اور قونصل خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ ترکی کے شہر استنبول میں کئی ہزار ترک مظاہرین امریکی قونصلیٹ کے باہر جمع ہوئے اور امریکی صدر کے فلسطین کے بارے میں سازشی منصوبے کیخلاف احتجاج کیا، مظاہرین نے امریکہ اور امریکی صدر کیخلاف نعرے بھی لگائے۔ ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں بھی ترک مظاہرین کی بڑی تعداد امریکی سفارت خانے کے باہر جمع ہوئی، احتجاج کے دوران مظاہرین نے فلسطینی پرچم بھی تھام رکھے تھے۔ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر کے فلسطین اور اسرائیل کے نئے سازشی منصوبے کو ناقابل قبول قراردے دیا۔ ادھر طیب اردوغان کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے نئے سازشی منصوبے میں فلسطینیوں کے حقوق کو نظر انداز کیا گیا۔ مقبوضہ بیت المقدس مسلمانوں کے لیے مقدس ہے اور اسے اسرائیل کے حوالے کرنا مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ ادھر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے امریکی صدر کے سازشی منصوبے کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔
اجراء کی تاریخ: 29 جنوری 2020 - 22:54

ترکی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیل اور بعض عرب ممالک کے فلسطین کے بارے نئے سازشی منصوبے کے خلاف امریکی سفارت خانے اور قونصل خانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔