مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسپین اور پرتگال کے جنگلات میں خوفناک آگ لگنے کے نتیجے میں کم ازکم 6 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پرتگال کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوگئی اور تیز ہواؤں کے باعث اس نے شہری علاقوں کا رخ کرلیا ہے۔ آگ کے بلند شعلے دور دراز علاقوں سے دکھائی دے رہے ہیں جب کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 500 سے زائد فائر فائٹرز کوششوں میں مصروف ہیں تاہم 12 گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے باوجود انہیں خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔
ادھر اسپین کے جنگلات میں بھی آگ لگ گئی۔ 90 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کے باعث آگ اطراف کے شہروں کی جانب بڑھ رہی ہے۔ آگ لگنے کے واقعہ میں اب تک 3 افراد ہلاک اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔