مہر خبررساں ایجنسی نے شامی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے شام کے الشعیرات ہوائی اڈے پر59 میزائل فائر کئے ہیں، شام پر امریکی حملے کی ترکی اور سعودی عرب نے حمایت کی ہے جبکہ روس نے امریکی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قراردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام پر میزائل حملے کا حکم صادر کیا جس کے بعد بحیرہ روم میں موجود امریکی بحری بیڑوں سے شام کے شہر حمص میں الشعیرات ایئربیس پر59 ٹام ہاک کروز میزائل داغے گئےجس میں شامی فضائیہ کے طیاروں اور ایندھن کے اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق امریکہ نے شام میں الشعیرات ایئر بیس کو نشانہ بنایا جس میں شام کے کئی طیارے تباہ ہوگئے جب کہ ایئر بیس کے بنیادی ڈھانچہ اور آلات کو بھی نقصان پہنچا۔ پینٹا گون حکام نے امریکی کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ شام کے خلاف کارروائی جاری رکھےگا۔ امریکہ نے ادلب میں کیمیائی گیس کو بہانہ بنا کر شام پر ہوائی حملہ کیا ہے۔
امریکی ٹی وی سی این این کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ شام پر امریکی حملے کے بارے میں گفتگو کریں گے ۔ شام پر امریکی حملے کی ترکی اور سعودی عرب نے حمایت کی ہے جبکہ روس اور بعض دیگر ممالک نے امریکی حملے کو کھلی جارحیت قراردیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے روس نے سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کرلیا ہے۔