شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ جس قسم کی بھی جنگ چاہے شمالی کوریا اس کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتاہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شمالی کوریا نے کہا ہے کہ امریکہ جس قسم کی بھی جنگ چاہے وہ بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتاہے۔ شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے سرکاری ٹی وی پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا امریکہ سے جنگ کرنے کی پوری صلاحیت اور جذبہ رکھتا ہے۔
اس سے قبل،امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نےجاپان کے دورے کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے شمالی کوریا کو سخت الفاظ میں خبردار کیا تھا کہ وہ جنوبی کوریا اور امریکی فوج مخالف اقدامات سے باز رہے ۔ امریکی وزیرخارجہ نے شمالی کوریا کے خلاف فوجی طاقت کے ممکنہ استعمال کا عندیہ بھی دیا تھا۔ لیکن شمالی کوریا نے امریکی دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اسے منہ توڑ جواب دینے کی دھمکی دی ہے۔