مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اگر مذاکرات چاہتاہے تو پہلے پٹھان کوٹ حملے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں لائے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نےکہاکہ پاکستان کے ساتھ فوری مذاکرات کے لیے کوئی تاریخ طے ہوئی ہے نہ اس بارے میں کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاک و ہند سیکریٹری خارجہ مذاکرات کے لیے تاریخ کے تعین کے بارے میں پس پردہ کوششوں کے حوالے سے رپورٹوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ہندوستان پہلے اس بات کامنتظرہے کہ پاکستان پٹھان کوٹ حملے میں ملوث عناصرکے خلاف کارروائی کرے جو پاکستان میں موجودہیں اورجن کے بارے میں پاکستانی حکومت کومکمل ثبوت بھی فراہم کیے گئے ہیں، امیدہے کہ پاکستان وعدے کے مطابق حملے میں ملوث عناصرکے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔ انھوں نے کہاکہ ہندوستان نے مذاکرات کاسلسلہ منسوخ نہیں کیا، ہندوستان پاکستان سے مذاکرات چاہتا ہے لیکن اس کے لیے لازمی ہے کہ پاکستان بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔ وکاس سروپ نے کہاکہ پاکستان میں موجود ممبئی حملوں میں ملوث عناصرکے خلاف کارروائی بھی ہمسایہ ملک کیلیے ایک امتحان ہے۔ ہم دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان ممبئی حملوں میں ملوث عناصرکے خلاف کارروائی کرنے میں کس قدرسنجیدہ ہے۔
اجراء کی تاریخ: 12 جون 2016 - 16:33
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان اگر مذاکرات چاہتاہے تو پہلے پٹھان کوٹ حملے میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں لائے۔