مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فلسطین کی تنظیم جہاد اسلامی کے سربراہ رمضان عبداللہ اور اس کے ہمراہ وفد کے ساتھ ملاقات میں امریکہ کی سرپرستی میں اسلام مخالف وسیع محاذ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: فلسطین کا دفاع درحقیقت اسلام کے دفاع کا مظہر ہے اسرائيل آج حزب اللہ لبنان سے کہیں زيادہ خوف اور ہراس میں مبتلا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں علاقہ کے جامع شرائط اورخطے میں اسلام کے خلاف امریکہ کی سرپرستی میں جاری وسیع جنگ اور سازش کی طرف اشاہ کرتے ہوئےفرمایا: امریکہ کی طرف سے خطے میں جاری جنگ در حقیقت اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف 37 سال قبل شروع ہونے والی جنگ کا تسلسل ہے اور اس جنگ میں مسئلہ فلسطین سب سے اصلی اور بنیادی مسئلہ ہے ایران نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد فلسطین کی حمایت کا جو سلسلہ شروع کیا وہ بدستور جاری ہے اور جاری رہےگا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: فلسطین کے بارے میں ایران کا مؤقف ابتدا ہی سے اٹل اور فیصلہ کن ہے اور رہبر کبیر انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) نے کئی بار اپنے بیانات میں فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کا مقابلہ کرنے پر تاکید کی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: انقلاب اسلامی اللہ تعالی کی مدد سے اس وقت کامیاب ہوگیا جب امریکہ کا اس خطے میں کافی رعب و دبدبہ اور اثر و رسوخ تھا اور بظاہر تمام امور امریکہ کے فائدے میں تھے لیکن انقلاب اسلامی نے کامیابی کے بعد اسلامی معاشرے میں ایک نئی روح پھونک دی اور علاقہ کے شرائط کو کلی طور پر دگرگوں اور تبدیل کردیا۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: امریکہ خطے پر اپنا تسلط برقرار رکھنے کے لئے اسلام کے خلاف ایک وسیع جنگ جاری رکھے ہوئے ہے اور شیعہ و سنی کو آپس میں ٹکرانا امریکی استعمار کی پرانی سازش اور پالیسی کا حصہ ہے اور مسامانوں کو دشمن کی اس سازش کے بارے میں ہوشیار رہنا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے حزب اللہ پر دباؤ کے بارے میں جہاد اسلامی کے سربراہ کے بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا: حزب اللہ ایک قوی اور مضبوط تنظیم ہے اور دشمنوں کے کھوکھلے اقدامات سے اس پر کوئی اثر پڑنے والا نہیں اسرائيل کے دل میں آج حزب اللہ کی طرف سے وحشت اور خوف و ہراس پہلے سے کہیں زیادہ پایا جاتا ہے۔
رہبر معظم نے فرمایا: اللہ تعالی کا وعدہ سچا ہے فلسطینیوں کو کامیابی نصیب ہوگي اور ظالموں کو شکست و ناکامی کا سامنا کرنا پرےگا۔
اس ملاقات کے آغاز میں فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے سربراہ رمضان عبداللہ نے فلسطینی عوام کی بے دریغ اور بے لوث مدد کرنے پر اسلامی جمہوریہ ایران اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ایران کو فلسطینیون کا سچا اور ہمدرد حامی قراردیا۔ جہاد اسلامی کے سربراہ نے حزب اللہ لبنان اور اسلامی مزاحمت کی بھر پور حمایت کا بھی اعادہ کیا۔