ہندوستان کے ایک ہندو دہشت گرد گروپ نے کہا ہے کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ نہیں ہونے دیں گے اور اگر پاکستانی ٹیم میچ کھیلنے کے لئے بھارت آئی تو وہ گراؤنڈ کی پچ کو کھود دیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے ایک ہندو دہشت گرد گروپ نے کہا ہے کہ وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان میچ نہیں ہونے دیں گے اور اگر پاکستانی ٹیم میچ کھیلنے کے لئے بھارت آئی تو وہ  گراؤنڈ کی پچ کو کھود دیں گے۔ہندوستانی انتہاپسند جماعت اینٹی ٹیرارسٹ فرنٹ کے صدر وریندر شندیلیا نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستانی ٹیم ہندوستان سے میچ کھیلنے کیلئے آئی تو وہ دھرم شالا کے اسٹیڈیم کی پچ کھود دیں گے۔ وریندر نے کہا کہ اس بات کے سنگین خدشات موجود ہیں کہ میچ کے دوران پاکستانی دہشت گرد علاقے میں داخل ہو جائیں اور اگر ہماچل پردیش حکومت میچ کی اجازت دیتی ہے تو یہ پٹھان کوٹ میں ہلاک ہونے والوں کی تضحیک اور بے حرمتی ہو گی۔ شندیلیا نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور ہوم منسٹر راج ناتھ سنگھ کو اس سلسلے میں خط لکھا ہے اور وہ ریاست کے وزیر اعلیٰ ویر بھادرا سنگھ اور قائد حزب اختلاف پی کے دھومل سے بھی ملاقات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہم میچ کے خلاف دھرم شالا میں بڑے پیمانے پر احتجاج بھی کریں گے۔ ادھر بھارتی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو فل پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔