مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کے صدارتی ترجمان نے چار سدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر حملے میں افغان سرزمین کےاستعمال ہونے کے پاکستانی دعوے کو مسترد کردیا ہے۔ افغان صدر کے ترجمان کی جانب سے جاری مختصربیان کے مطابق پاکستان کے شہر چارسدہ کی باچاخان یونیورسٹی پروہابی دہشت گردوں کے حملے میں افغان سرزمین استعمال نہیں ہوئی، افغانستان نے کسی دہشت گرد گروپ کو پناہ نہیں دی جب کہ افغانستان کسی دہشت گرد گروپ کی حمایت بھی نہیں کرتا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان اچھے اور برے دہشت گردوں پر یقین نہیں رکھتا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف نے افغان صدر اشرف غنی کو فون کیا اور باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ چارسدہ حملے کو افغانستان کے ایک مقام سے کنٹرول کیا گیا جہاں سے تحریک طالبان کا ایک آپریٹر دہشت گردوں کو فون پرہدایات دے رہا تھا۔