سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں جہاں اس نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں جہاں اس نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کے ساتھ ملاقات اور گفتگو کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وزیر خارجہ پاکستانی حکام کے ساتھ داعش کے خلاف بننے والے 34 رکنی فوجی اتحاد میں پاکستان کے کردار کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کریں گے۔ جبکہ اس فوجی اتحاد کے بارے میں سعودی عرب نے پہلے پاکستان کو آگاہ نہیں کیا تھا اور اس کانام بغیر اطلاع دیئے نام نہاد اتحاد میں شامل کرلیا تھا ، لیکن پاکستانی وزارت خارجہ نے اس اتحاد میں شامل ہونے سے لاعلمی کا اظہار کرکے سعودی حکام کی سیاسی ناپختگی کا پردہ چاک کردیا۔ اس کے علاوہ سعودی وزیر خارجہ خطے میں امن و امان کی صورت حال اور دو طرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ واضح رہے کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے چند روز قبل پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم سعودی عرب اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عادل الجبیر کا دورہ ملتوی کر دیا گیا۔