افغانستان میں امریکی اور نیٹو کمانڈر جنرل جان کیمبل نے طالبان کی جانب سے ضلع سنگین میں حملے کے بعد اوبامہ انتظامیہ سے مزید فوجیوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان میں امریکی اور نیٹو کمانڈر جنرل جان کیمبل نے طالبان کی جانب سے ضلع سنگین میں حملے کے بعد اوبامہ انتظامیہ سے مزید فوجیوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ طالبان کی تیزی سے بڑھتی پیش قدمی اور شورش کے پیش نظر افغانستان میں امریکی اور نیٹو ملٹری کمانڈر جنرل جان کیمبل کا کہنا ہے کہ 2015 کی دوسری سہہ ماہی میں افغانستان کی سیکیورٹی صورتحال انتہائی خراب رہی اور مقامی فورسز کی مدد اور طالبان کے حملوں کو روکنے کے لئے مزید امریکی فوجیوں کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی خراب صورتحال کے باعث اوبامہ انتظامیہ سے درخواست ہے کہ جب تک ممکن ہو افغان آپریشن میں سرگرم امریکی فوجیوں کو یہیں برقرار رکھا جائے اور مدد کے لئے مزید فوجیوں کو بھیجا جائے۔ دوسری جانب طالبان نے تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے صوبہ ہلمند کے ضلع سنگین پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا جب کہ قبضہ چھڑانے کے لئے مقامی زمینی فوج کے ساتھ امریکی فضائیہ کارروائیوں میں مصروف ہے اور اس سے قبل طالبان نے کارروائیاں کرتے ہوئے ضلع قندوزپر قبضہ کرلیا تھا۔