بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج 8 دسمبر کو پاکستان آرہی ہیں جہاں وہ افغانستان کے حوالے سے ہونے والی علاقائی سیکیورٹی کانفرنس میں شریک ہوں گی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج 8 دسمبر کو پاکستان آرہی ہیں جہاں وہ  افغانستان کے حوالے سے ہونے والی علاقائی سیکیورٹی کانفرنس میں شریک ہوں گی۔ بھارتی  وزارت خارجہ نے سشما سوراج  کے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے اوران کے دورے کو حتمی شکل بھی دے دی گئی ہے وہ رواں ماہ 8 دسمبر کو اسلام آباد کا دورہ کریں گی جہاں وہ افغانستان پر ہونے والی ہارٹ آف ایشیا سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کریں گی،ان کے ساتھ بھارتی سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر بھی موجود ہوں گے۔ سشما سوراج کے دورہ پاکستان کے دوران ان کی وزیراعظم  نواز شریف اور مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پیرس میں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف اور بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان ہونے والی مختصر اور غیر رسمی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی اور تناؤ میں کسی حد تک کمی آئی ہے اس لیے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ پاکستان میں ہونے والی افغانستان سے متعلق کانفرنس میں شریک ہوں۔ واضح رہے کہ  ہارٹ آف ایشیاء کی 2 روزہ کانفرنس منگل سے اسلام آباد میں شروع ہوگی ۔ کانفرنس میں بھارتی وزیرخارجہ کے علاوہ، چین ،روس،ایران،آذربائیجان،قازقستان،سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ کو بھی دعوت دی گئی ہے، ہارٹ آف ایشیا سیکیورٹی کانفرنس میں افغانستان کی موجودہ سیاسی اور عسکری صورتحال پر بات چیت ہوگی۔

لیبلز