فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں اب تک کی تفتیش کے مطابق 6 دہشت گرد ملوث تھے جن کی شناخت ہوگئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں اب تک کی تفتیش کے مطابق 6 دہشت گرد ملوث تھے جن کی شناخت ہوگئی ہے۔ ان میں سے چارحملہ آور فرانسیسی شہری تھے جبکہ کنسرٹ ہال پر حملے میں مطلوب ایک شخص کو مفرور قرار دے دیا گیا ہے اور اس کی مکمل شناخت جاری کردی گئی ہے۔ فرانسیسی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ صالح عبد السلام نامی ایک 26سالہ حملہ آور اب بھی مفرور ہے جس کے ایک بھائی ابراہیم عبدالسلام نے بٹاکلین ہال میں گھس کر فائرنگ کی اور خودکش دھماکا کردیا جبکہ دوسرا بھائی بلجیم میں پکڑا گیا۔ عبد السلام کو خطرناک دہشت گرد قرار دے کر اس کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے واقعے کے بعد صالح عبد السلام کو بلجیم کی سرحد کے قریب فرانسیسی پولیس نے روک کر تفتیش کی تھی تاہم بعد میں اسے جانے دیا گیا تھا۔ ایک اور فرانسیسی شہری عمر اسماعیل مصطفائی بٹاکلین کنسرٹ ہال پرحملے میں ملوث ہے،اسے سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے شناخت کیا گیا۔ عمر اسماعیل نے سیکورٹی فورسز کے داخل ہونے پر خود کو دھماکے سے اڑالیا تھا۔الجزائری نژاد فرانسیسی کی شناخت کے بعد ہی بلجیم پولیس نے عمر المصطفائی کے بھائی اور والد کو حراست میں لیا ہوا ہے۔ پیرس پراسیکیوٹر کے مطابق دو اور حملہ آوروں کی شناخت ان کے فنگر پرنٹس کے ذریعے کی گئی ہے جن میں سے ایک 30جولائی 1984ءکو فرانس میں پیدا ہوا جبکہ 22جنوری 1995ءکو فرانس میں پیدا ہونے والے دہشت گرد نے خود کو اسٹیڈیم کے باہر دھماکے سے اڑا لیا۔ دونوں افراد کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔

لیبلز