مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران سعودی عرب میں حج کے دوران پیش آنے والے سانحہ منیٰ کی غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حسن روحانی کا کہنا تھا کہ سانحہ منیٰ دل ہلا دینے کا واقعہ ہے، سانحے میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہیں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ منیٰ سمیت رواں سال حج پر ہونے والے دیگر واقعات کی شفات تحقیقات کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ منی کےمقام پر موجود عینی شاہدین کے مطابق منی کا المناک اور دردناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب سعودی عرب کے وزیر دفاع اور سعودی بادشاہ کے بیٹے محمد بن سلمان منی پہنچے اور اس کی سکیورٹی کے لئے سڑک نمبر 204 اور 215 کو بند کردیا گیا ۔ لیکن سعودی حکام اپنی ذمہ داری کو قبول کرنے کے بجائے اس کا الزام افریقی حاجیوں پر عائد کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق منی میں سعودی عرب کے حکام کی نااہلی ،بدنظمی ،غفلت اور عدم توجہ کی بنا پر المناک حادثہ رونما ہوا جس میں 1500 سے زائد افراد شہید اور 2000 سے زائد زخمی اور سیکڑوں لاپتہ ہوگئے ہیں۔