مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات پراتفاق کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق پنجاب رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی رینجرز اور ہندوستانی سرحدی سکیورٹی فورسز کے حکام کے درمیان 3 روزہ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور فریقین نے متعلقہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جب کہ اس دوران پنجاب رینجرز نے بی ایس ایف کے ہاتھوں رینجرز اہلکاروں کی شہادت کا معاملہ اٹھایا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اور ہندوستان نے سرحد پر امن بحال کرنے کے لیے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات پر اتفاق کیا جب کہ فریقین نے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب رینجرز کے دورہ ہندوستان کے دوران پاکستانی رینجرز حکام نے ہندوستانی وزیر داخلہ سے بھی ملاقات کی جس میں بھارتی وزیرداخلہ نے سرحد پر بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی میں پہل نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔