ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرکے ضلع بارہ مولہ میں ہندوستانی فوج کی ایک کارروائی کے دوران 4 علیحدگی پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہرخبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیرکے ضلع بارہ مولہ میں ہندوستانی فوج کی ایک کارروائی کے دوران 4 علیحدگی پسند کشمیری ہلاک ہوگئے ہیں۔

ہندوستانی فوج کے ترجمان کرنل این این جوشی نے الزام عائد کیا کہ گزشتہ رات لائن آف کنٹرول کے قریب قاضی نگر دھار کے علاقے میں 3 سے 5 شدت پسندوں پر مشتمل ایک گروپ نے کنٹرول لائن عبور کی جس کے بعد شدت پسند  لچھی پورہ بجہامہ کے علاقے سکسریاں میں داخل ہوگئے جہاں ہندوستانی فوجیوں نے انھیں گھیر لیا۔ بھارتی فوج نے4 علیحدگی پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے۔

ذرائع کے مطابق فوجی اہلکاروں نے اوڑی اور نوگام میں حد متارکہ کے متصل وسیع گھنے جنگلات کو محاصرے میں لے رکھا ہے۔فوج کو خدشہ ہے کہ کئی شدت پسند جنگلات میں چھپے ہوئے ہیں اور انھیں ڈھونڈ نکالنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فوج کے خصوصی تربیت یافتہ اہلکاروں پیرا ٹروپرس کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے جنگلات میں اتار اگیا ہے۔

اوڑی سے کپواڑہ تک گھنے جنگلات میں کئی دنوں سے جاری آپریشن میں لچھی پورہ اوڑی اورتوت مار گلی نوگام میں بھارتی فوج اورعلیحدگی پسندوں کے مابین جھڑپیں جاری ہیں۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ سرحد پار سے علیحدگی پسندوں کو وادی میں دھکیلنے میں ناکامی کے بعد علیحدگی پسند  تنظیمیں نئی حکمت عملی کے تحت مقامی نوجوانوں کی بھرتی پر توجہ مرکوز کررہی ہیں۔

لیبلز