مہر خبررساں ایجنسی نے روسیا الیوم کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں صہیونیوں کے ہاتھوں فلسطینی بچے کے بہیمانہ اور ظالمانہ قتل کی عالمی سطح پر مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطین کے ایک 18 مہینے کےشیر خوار بچے کو صہیونیوں نے آگ میں جلادیاتھا ۔
روسی وزارت خارجہ نے اس ہولناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے جبکہ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے بھی اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ افخم نے بھی اس واقعہ کو ہولناک قراردیتے ہوئے اس کی مذمت اور اسرائیل کو بچوں کا قاتل ملک قراردیا ہے۔اردن اور امریکہ نے بھی اس واقعہ کی مذمت کی ہے ادھر فلسطینیوں کے حامی گروہوں نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے صہیونیوں کو درس عبرت دینے کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ مغربی کنارے میں غیر قانونی طور پر آباد یہودی آباد کاروں نے 2 فلسطینی گھروں پر اچانک حملہ کیا اور آگ کے گولے گرا کر ان کے گھروں کونذر آتش کردیا جس میں ایک 18 کا بچہ زندہ جل کر شہید ہوگیا جب کہ واقعے میں 4 افراد بری طرح جھلس گئے۔