مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی اور فرانس کے صدر فرانسوا اولاند نے ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نےباہمی روابط کو فروغ دینے پر تاکید کی ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ گذشتہ دس برس میں فرانس نے ایران میں بہت سے اقتصادی مواقع کو ضائع کردیا اور اب گذشتہ غلطیوں اور کوتاہیوں کی تلافی کا وقت پہنچ گیا ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران ویانا معاہدے پر گامزن ہے اور امید ہے کہ فریق مقابل بھی اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے گا۔ صدر روحانی نے کہا کہ ایران علاقہ میں پائدار امن قائم کرنے کے حق میں ہے اور اسلسلے میں عملی طور پر تلاش و کوشش کررہا ہے ۔ صدر حسن روحانی نے یمن پر سعودی عرب کی بمباری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی یمن پر بمباری ناقابل قبول ہے اور یورپی یونین کو سعودی عرب کے اس وحشیانہ اقدام کی مذمت کرنای چاہیے۔
اس گفتگو میں فرانس کے صدر نے ویانا معاہدے میں ایرانی صدر کے فعال کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فرانس ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ فرانسیسی صدر نے کہا کہ فرانس کے وزير خارجہ عنقریب تہران کا دورہ رکریں گے جس میں باہمی تعلقات کو فروغ دینے کی راہوں کا جائزہ لیا جائے گا۔